ایشین گیمز،پاکستان والی بال ٹیم نے چین کو شکست دے کر براونز میڈل جیت لیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان والی بال ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر براونز میڈل اپنے نام کر لیا۔ تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میزبان چین کو کسی بھی مرحلے پر دباو سے نکلنے کا موقع نہیں دیا۔پاکستان نے پہلے سیٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-18 سے کامیابی حاصل کی۔پہلے سیٹ میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے مزید بلند ہوگئے اور دوسرے سیٹ میں بھی کھلاڑیوں نے مضبوط دفاع کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو 25-16 سے شکست دی۔تیسرے سیٹ میں چین کی ٹیم نے واپسی کی کوشش کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور مقابلہ کیا اور سیٹ 25-18 سے اپنے نام کرتے ہوئے میچ میں 3-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے میچ کے دوران دفاع، اٹیک اور بلاکنگ میں عمدہ کارکردگی دیکھنے میں آئی، جبکہ اہم مواقع پر کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔تینوں سیٹس میں پاکستان کی برتری نے واضح کیا کہ ٹیم نے میچ کے دوران اپنی حکمت عملی پر موثر انداز میں عمل کیا۔چین کے خلاف اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز میں والی بال کا براونز میڈل حاصل کر لیا۔ قومی ٹیم کی اس کامیابی کو پاکستان کے کھیلوں کے میدان میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان والی بال ٹیم کی کامیابی سے قومی کھیلوں کے شائقین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ ٹیم کی جانب سے چین کے خلاف تین صفر کی فتح نے ایونٹ میں پاکستان کی میڈل پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *