Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے شہر میں 16 ستمبر سے متوقع بارشوں کے پیشِ نظر صوبائی حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ ارسلان خالد نے مطالبہ کیا ہے کہ 16 ستمبر کی متوقع بارش سے پہلے شہر بھر کے نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات کے واضح الرٹ کے باوجود میئر کراچی اور صوبائی حکومت گہری نیند سو رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کا “رین ایمرجنسی پلان” صرف کاغذوں کی حد تک محدود دکھائی دیتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کے-الیکٹرک کے پولز اور کھلے تاروں کو فوری طور پر ٹھیک کیا جائے، بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک بھی قیمتی جان کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے میئر کراچی کو سخت وارننگ دی کہ اگر 16 ستمبر کو کراچی کی سڑکیں دوبارہ تالاب بنیں تو میئر کو فوری طور پر گھر جانا ہوگا۔ ارسلان خالد کا مزید کہنا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کئی دن پہلے سامنے آچکی ہے، اس لیے انتظامیہ اب کسی اچانک آفت کا بہانہ بنا کر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کراچی کے عوام سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، لیکن سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث بارش کی ہر پیشگوئی ان کے لیے خوشی کے بجائے خوف کی علامت بن جاتی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ صرف کاغذی دعوے کرنے کے بجائے عوام کو بتائے کہ ڈی واٹرنگ پمپس اور نکاسیِ آب کا عملہ زمین پر کہاں تعینات کیا گیا ہے؟ آخر میں پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری نے اپنی جماعت کے تمام ٹاؤن صدور کو ہدایات جاری کیں کہ وہ 16 ستمبر کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور عوام کی داد رسی کے لیے ابھی سے ہنگامی کنٹرول رومز قائم کریں۔