انٹر کلب جشنِ آزادی ٹینس چیمپئن شپ کا آغازچیمپئن شپ میں 9 سے 19 سال تک کی عمر کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، رپورٹ

پشاور(سپورٹس ڈیسک) خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام انٹر کلب جشنِ آزادی ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہوگیا۔ چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح چیف کوچ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا شفقت اللہ، اے ڈی سپورٹس کاشف فرحان اور پاکستان ڈیوس کپپر و نیشنل گولڈ میڈلسٹ ثناء اللہ نے کیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر ایاز خلیل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔چیمپئن شپ میں 9 سے 19 سال تک کی عمر کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ہر ٹیم چار کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، جبکہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، جبکہ ریان عمر خلیل کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، جس کے بعد ٹینس کے باقاعدہ مقابلوں کا آغاز ہوا۔ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے نام خیبر پختونخوا کے ان نامور ٹینس کھلاڑیوں سے منسوب کیے گئے ہیں جو اب اس دنیا میں موجود نہیں، تاکہ کھیل کے لیے ان کی خدمات اور یادگار کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ ان میں حاجی ملک عمرہ خان، حاجی اطلس خان، حاجی کچکول خان، حاجی میاں خان، حاجی مقبول خان، عنایت اللہ خان، دولت خان، اول خان، ریاض خان، کمال خان، امتیاز خان، سردار خان، خان سعید، کچکول خان اور حاجی بنور خان شامل ہیں۔چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد جشنِ آزادی کو کھیلوں کے جذبے کے ساتھ منانا، نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور صوبے میں ٹینس کو نچلی سطح پر فروغ دینا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *