اسلام آباد میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لئے دونئے ڈیمز آئندہ چار سال میں مکمل کریں گے،طلال چوہدری اسلام آباد میں پانی کا استعمال 240 ملین گیلن یومیہ ہے

 اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لئے دونئے ڈیمز آئندہ چار سال میں مکمل کریں گے،پرانی پائپ لائنیں تبدیل کریں گے۔منگل کو قومی اسمبلی میں تمکین اختر نیازی اور دیگر کے اسلام آباد میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت،پانی صاف کرنے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے کے پلانٹس کی تنصیب کی ضرورت سے متعلق توجہ دلاﺅ نوٹس پر وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کا استعمال 240 ملین گیلن یومیہ ہے،80 ملین گیلن دستیاب ہے،ضرورت پوری کرنے کے لئے واپڈا کے ذریعے شادرہ ڈیم،دوتارا ڈیم کی تعمیر کی فزیبلٹی سٹڈی کرا رہے ہیں،اس کی تین سے 4 سال میں تکمیل ہوگی اور آئندہ 30 سے 40 سال کی ضرورت پوری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے قوانین میں تبدیلی کی ہے،پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے، اب رین واٹر ویلز بنائے جارہے ہیں،اس کے بغیر نقشہ ہی منظور نہیں کرتے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پوش ایریا ایف سیکٹرز میں رہنے والے ماہانہ 240 روپے بل نہیں دیتے،یہ لوگ اپنے ملازم بھی باہر سے لاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز کی پرانی پائپ لائنوں کو ڈیڑھ سال میں تبدیل کیاجائے گا،اس کا پی سی ون بنایاگیا ہے۔انہوں نے ارکان سے کہا کہ ریکوری 10 فیصد ہے، وہ ریکوری اور بلز کی ادائیگی کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کریں،پانی کی بچت کریں ،گھروں میں گاڑیاں دھوئی جاتی ہیں، پانی ضائع کیاجاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسی سکیم کی منظوری دی جاتی ہے تو ایس او پیز میں رین واٹر ہاروسٹنگ کو مدنظر رکھ کر اس کی منظوری دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو کچی آبادی بنادیا ہے،لہتراڑ روڈ پر اکثریتی علاقہ غیر قانونی ہے،اس کی سیوریج ساراپانی آلودہ کرتی ہے،اس علاقہ میں 30 سے 40 ارب روپے کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی نائن میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیاجارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *