آٹے کی قیمتیں روز بروز عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل اور شاہ زاہد مشوانی نے کہا ہے کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر فوری قابو پایا جائے نااہل صوبائی وزیر خوراک نے محکمہ خوراک کو بدانتظامی اور بحران کی طرف دھکیل دیا ہے محکمہ خوراک جیسے حساس اور عوامی مفاد سے وابستہ ادارے کی باگ ڈور کرپشن کے بے تاج بادشاہ کے ہاتھ میں دینا بلی کو گوشت کی رکھوالی سونپنے کے مترادف ہے۔ نااہلی، بدانتظامی اور مبینہ بدعنوانی نے محکمہ خوراک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے جس کے نتیجے میں صوبے کے غریب عوام دو وقت کی سوکھی روٹی کے ایک ایک لقمے کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک جیسے اہم عوامی ادارے کی ذمہ داری ایسے شخص کے سپرد کرنا جو عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو صوبے کے عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ آٹے کی قیمتیں روز بروز عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں حکمران عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے بجائے نمود و نمائش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے ساتھ غریب عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے محض اعلانات اور تشہیری سرگرمیوں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے حکومت کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *