آج کا دور جدید ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کا دور ہے،عبدالباری شہزاد

کوئٹہ(ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کا اجلاس ضلعی کوآرڈینیٹر عبدالباری شہزاد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ساتھیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مفتی رشید احمد اور دیگر کوآرڈینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ترجمان عبدالغنی شہزاد نے کہا کہ آج کا دور جدید ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کا دور ہے، اس لیے جمعیت علماء اسلام کے نوجوان کارکنوں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ابلاغی صلاحیتوں کو منظم اور مؤثر بنانا ہوگا۔ ڈیجیٹل میڈیا محض پوسٹ، تصویر یا ویڈیو شیئر کرنے کا نام نہیں، بلکہ جماعت کے فکر و نظریے، قائدین کے مؤقف، تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کو ذمہ داری، دلیل اور شائستگی کے ساتھ عوام تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہر پوسٹ اور ہر تحریر جماعت کی ترجمانی کرتی ہے، اس لیے غیرمصدقہ خبروں، افواہوں، جعلی تصاویر، غیرذمہ دارانہ تبصروں اور ذاتی تنقید سے مکمل اجتناب کیا جائے اور کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق کو ضروری سمجھا جائے۔ نوجوان کارکن جذبات کے بجائے شعور، اشتعال کے بجائے دلیل اور منفی پروپیگنڈے کے بجائے مثبت اور تعمیری ابلاغ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ کی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کو یونٹ کی سطح تک منظم کیا جائے اور ہر یونٹ میں ایسے باصلاحیت نوجوان تیار کیے جائیں جو تحریر، گرافک ڈیزائن، ویڈیو ایڈیٹنگ، فوٹوگرافی، لائیو کوریج اور سوشل میڈیا مینجمنٹ کی جدید مہارتوں سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صرف ردعمل دینے والی ٹیم نہ بنیں، بلکہ جماعت کی سرگرمیوں، عوامی خدمت، کارکنوں کی جدوجہد، علمی و فکری پروگراموں اور قائدین کے اہم پیغامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ جمعیت علماء اسلام کا ڈیجیٹل میڈیا ایک مضبوط، باوقار، منظم اور ذمہ دار آواز کے طور پر سامنے آئے۔ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، لیکن اختلاف کے باوجود اخلاق، شائستگی اور اسلامی اقدار کو ہر صورت ملحوظ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور اگر انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ علم، تربیت، اخلاص اور تنظیمی شعور سے آراستہ کردیا جائے تو وہ جماعت کے پیغام کو نہ صرف کوئٹہ بلکہ ملک بھر میں مؤثر انداز میں عام کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے کو مضبوط بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر مواد کی منصوبہ بندی کریں اور ضلعی و یونٹ سطح کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں سوشل میڈیا پر اجاگر کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *