قونصلیٹ جنرل پاکستان سڈنی میں مالی سال 2025-26میں پاکستان کو آسٹریلیا سے 1 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زرکے حوالہ سے تقریب کاانعقاد

سڈنی (انٹرنیشنل ڈیسک)قونصلیٹ جنرل پاکستان سڈنی میں منگل کے روز مالی سال 2025-26میں پاکستان کو آسٹریلیا سے 1 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زرکے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت، بینکوں اور ترسیلات زر کی کمپنیوں کے نمائندوں، کاروباری انجمنوں، کمیونٹی کے نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں پاکستانی کمیونٹی، بینکوں، ایکسچینج کمپنیوں اور ترسیلات زر فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمایاں کردار کو سراہا۔ انہوں نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے باضابطہ ترسیلات زر کے چینلز کو مضبوط بنانے اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان مالی و معاشی روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں منیر محمد، ڈائریکٹر، آسٹریلین ریمیٹنس اینڈ کرنسی پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے پاکستان کو باضابطہ ترسیلات زر کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے میں سروس فراہم کنندگان کے کردار کو اجاگر کیا۔اعزازی ٹیکس ایڈوائزرعلی چوہان نے مالی آگاہی اور پاکستان میں کمیونٹی کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیاجبکہ بینک الفلاح کے نمائندہ پرویز شہباز نے موثر اور محفوظ ترسیلاتِ زر کی خدمات اور روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ (RDA) کی سہولیات سے متعلق آگاہی بڑھانے میں بینکوں کے کردار کو اجاگر کیا۔ سرپرست اعلیٰ آسٹریلیا پاکستان یوتھ ایسوسی ایشن سڈنی چوہدری شکیب نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر زور دیاجبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندہ ارشد ستار نے باضابطہ ترسیلات زر کے چینلز کی اہمیت اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان مسلسل تعاون پر زور دیا۔مقررین نے ترسیلات زر میں مزید اضافے کے عزم کا اظہار کیا اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ تقریب میں کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی و مالی روابط سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔آسٹریلیا سے پاکستان کو بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ رقم مالی سال 2020–21 میں 598 ملین ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025–26 میں 1.14 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی شراکت اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان مضبوط ہوتے معاشی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔آخر میں قونصل جنرل آف پاکستان قمر زمان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اورتقریب کے اختتام پرکیک بھی کاٹاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *