ایران پر دباﺅ جاری رکھیں گے، ہرمز میں جہازوں کے لیے محفوظ راستے پر کام کر رہے، جے ڈی وینس

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران پر دباﺅ جاری رکھے گا ۔ ایرانی تکلیف میں ہیں اور اس معاملے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق جے ڈی وینس نے وضاحت کی کہ واشنگٹن ایک ایسا راستہ تیار کرنے پر کام کر رہا ہے جو آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کی اجازت دے۔ انہوں نے مزید کہا مو ایران نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ہرمز کے ذریعے تیل کی زیادہ سے زیادہ ترسیل کی اجازت دے گا لیکن ہم اس پر بھروسہ نہیں کرتے۔ امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ہمارے منصوبے میں ایران کا یہ عہد بھی شامل ہے کہ وہ تجارتی جہازوں پر فائرنگ نہیں کرے گا۔امریکی نائب صدر نے واشنگٹن کی اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ جائے گی۔ وینس نے “فاکس نیوز” پر ایک معاہدے تک پہنچنے کی صورت میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ خلیجی خطے سے تیل اور گیس کی اتنی ہی مقدار کی ترسیل دیکھنے کو ملے گی جتنی تنازع سے پہلے تھی۔ ایران نے ہمیں ایسا کرنے کی اپنی نیت سے آگاہ کر دیا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جو خلیج میں بین الاقوامی اتحاد چاہتا ہے۔وینس نے مزید کہا کہ ایرانی نظام میں کچھ لوگ ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ ایرانیوں نے ہمیں بتایا ہے کہ ان کا ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہم عملی اقدامات کا انتظار کریں گے۔امریکی نائب صدر نے کہا ہم ایران کی صورتحال کے حوالے سے تصادم کے وسط میں ہیں اور ہم سفارتی، اقتصادی اور فوجی وسائل کے تمام طریقوں کو بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ امریکی عوام کے لیے بہترین نتیجہ حاصل کرنا یقینی بنایا جا سکے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہم یہ حاصل کر لیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *