پنجاب کے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے لیے 120 سیشنز پر مشتمل چینی زبان کا تربیتی پروگرام شروع

لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب کے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکاروں کے لیے 120 سیشنز پر مشتمل چینی زبان کے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا جسے صوبے کی خصوصی سکیورٹی فورس کی پیشہ ورانہ اور عملی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔گوادر پرو کے مطابق ہر تربیتی سیشن تین گھنٹے پر مشتمل ہوگا، جس کے تحت مجموعی طور پر 360 گھنٹے کی جامع اور عملی تربیت فراہم کی جائےگی، نصاب میں چینی زبان کے HSKکورسز کے 96 سیشنز شامل ہیں، جبکہ مزید 24 سیشنز چینی ثقافت سے متعلق ہوں گے جن میں روایتی تہوار، خطاطی، چینی رسم الخط، سماجی آداب اور چین کے اہم سیاحتی مقامات کا تعارف کرایا جائے گا۔اسپیشل پروٹیکشن یونٹ پنجاب پولیس کا ایک خصوصی شعبہ ہے، جس کی ذمہ داری صوبے بھر میں غیر ملکی شہریوں کو سکیورٹی اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے بین الاقوامی ماہرین، سرمایہ کاروں اور کارکنوں کی موجودگی کے باعث ایس پی یو محفوظ ماحول کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چینی زبان کی یہ تربیت اہلکاروں کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے۔ چینی زبان سے واقف اہلکار گشت، ہنگامی صورتحال یا دیگر سکیورٹی معاملات کے دوران مینڈرن بولنے والے افراد سے مو ¿ثر انداز میں رابطہ قائم کر سکیں گے، حالات کا فوری جائزہ لے سکیں گے اور بروقت ردعمل کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔تربیتی پروگرام میں شامل ثقافتی تعلیم کا مقصد اہلکاروں کو مختلف کمیونٹیز خصوصاً چینی شہریوں کے ثقافتی پس منظر سے آگاہ کرنا ہے تاکہ باہمی احترام، بہتر روابط اور مو ¿ثر تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق یہ تربیت لاہور چائنیز انٹرنیشنل اکیڈمی (LCIA)کے ماہرین فراہم کر رہے ہیں، جو پاکستان میں چینی زبان کی تعلیم کا ایک معروف ادارہ ہے۔ موجودہ بیچ میں ایس پی یو کے 20 سے زائد اہلکار شریک ہیں۔ یہ پروگرام استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *