نوشکی میں تین روزہ کرفیو نافذ، دفعہ 144 کے تحت نقل و حرکت پر پابندی

کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے ضلع نوشکی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے31 جولائی تک ضلع بھر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 28 جولائی کو نوشکی ویسٹرن بائی پاس پر ایف سی چوکی پر حملے اور اس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث ضلع میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری تنصیبات اور قومی شاہراہ این-40 پر حملوں کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق اگست کے دوران مزید حملوں کا خدشہ بھی موجود ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت کرفیو کے دوران عوامی نقل و حرکت، اجتماعات، جلوس اور غیر ضروری سفر پر پابندی ہوگی۔ کسی بھی شخص کو ضلعی انتظامیہ یا مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنے یا ضلع میں نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔تاہم ڈپٹی کمشنر نوشکی، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کے بعد سرکاری ملازمین، ایمرجنسی طبی عملے، ریسکیو سروسز، یوٹیلیٹی سروسز اور عوامی مفاد میں ضروری قرار دیے جانے والے افراد کو استثنیٰ دے سکیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *