اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت کی شدید مذمت

کوئتہ(این این آئی)اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان کی دہشت گردانہ حملے میں شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ معزز جج پر حملہ دراصل انصاف کے نظام، قانون کی بالادستی اور ریاستی اداروں پر حملہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ دہشت گرد ایسے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور نہ ہی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے میں کامیاب ہوں گے۔اسپیکر نے شہداءکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے اس گھناو ¿نے واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *