راولپنڈی کینٹ میں ٹیکسز ،بلنگ سے متعلق عوامی مسائل پر اجلاس، ایگزیکٹو افسر ،سابق کینٹ بورڈ ممبران کے درمیان ٹیکس، صفائی، واٹر سپلائی ،بلنگ معاملات پر غور

راولپنڈی (این این آئی)کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے دفتر میں ایگزیکٹو آفیسر کی زیر صدارت سابق ممبران کینٹ بورڈ کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کینٹ کے علاقوں میں ٹیکسز، بلنگ اور عوام کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ چند روز میں جامع لائحہ عمل تیار کرکے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں سابق ممبران کینٹ بورڈ ملک منیر احمد، رشید احمد خان، ملک طاہر ایوب، ارشد محمود قریشی، ملک عمران افسر، حاجی طارق راجپوت، ملک امجد حسین، چوہدری شکور احمد اور ملک صغیر احمد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ٹیکس اصلاحات اور بلنگ 2026 کے مختلف نکات زیر بحث آئے۔ شرکا نے مقف اختیار کیا کہ بورڈ کی قرارداد کے تحت کمرشل اور رہائشی ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ زیادہ ہے، جبکہ سابقہ شرح رہائشی پراپرٹی کے لیے 20 فیصد اور کمرشل کے لیے 30 فیصد تھی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کمرشل اور رہائشی یونٹس کی لم سم بلنگ کی جائے، عارضی بلنگ ختم کی جائے اور صرف ان ہی جائیدادوں کی ری اسیسمنٹ کی جائے جن کی حیثیت تبدیل ہوئی ہو۔اجلاس میں کمیٹیوں کی تعداد بڑھانے، ایف سی کانٹر پر جمع کرائی جانے والی درخواستوں پر فوری عملدرآمد، پانچ مرلہ رہائشی پراپرٹی جس کا ٹیکس معاف ہے اسے بل جاری نہ کرنے، صفائی چارجز اور اے آر وی کے نظام پر نظرثانی، صفائی کی موجودہ صورتحال میں بہتری، کراچی ماڈل کے بجائے مقامی زمینی حقائق کے مطابق نظام وضع کرنے، واٹر سپلائی چارجز میں نظرثانی، انفورسمنٹ اور فوڈ جرمانوں کو سی بی آر کے مطابق مقرر کرنے، ریڑھی بانوں، ٹھیہ ہولڈرز، ہوٹلوں اور بیکریوں کے جرمانوں کو مناسب بنانے اور سی ڈی اے سے ملحقہ نئے علاقوں میں ٹیکسوں کے نفاذ سمیت مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس کے اختتام پر ایگزیکٹو آفیسر نے سابق ممبران کو یقین دلایا کہ زیر غور تمام تجاویز کا جائزہ لے کر آئندہ چند روز میں قابل عمل لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *