Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

اسلام آباد (این این آئی)ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی حجم کو3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جایا جائےگا۔ وہ پیر کو نور خان ایئر بیس پرایران اور پاکستان کے میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس اہم دورے میں ان کے ہمراہ ایران کی وزارت داخلہ، وزارتِ پٹرولیم، وزارتِ زراعت اور وزارتِ شہری ترقی کے اعلی حکام پر مشتمل وفد پاکستان آیا ہے۔ دورے کا بنیادی مقصد ان تمام شعبوں میں دوطرفہ اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔ میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے ایرانی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت باہمی تجارت کا حجم تقریبا 3 ارب ڈالر ہے، جسے پہلے مرحلے میں 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم کیا گیا ہے،اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اوسطا روزانہ کم از کم 2,000ٹرکوں یا کینٹینرزکی سرحد پار آمد و رفت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت اس ہدف کا صرف 20 فیصد ہی پورا ہو پا رہا ہے، جس میں اضافے کے لیے سرحد کے دونوں اطراف ضروری بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے، یہ مسئلہ موجودہ مذاکرات کے ایجنڈے میں سرِفہرست ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ دورہ تقریبا ایک ماہ قبل ایرانی صدر کے دورہِ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد اور ان کی پیروی کا تسلسل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تجارتی امور کے ساتھ ساتھ موجودہ علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی کے بدلتے ہوئے تناظر پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے انہیں اپنا بھائی قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی لائے گا اور اس کے دونوں ممالک کے لیے انتہائی مثبت اور بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔