پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: وزیر اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں ایندھن کی فراہمی، کفایت شعاری اقدامات اور ممکنہ معاشی چیلنجز پر غور کیا گیا۔بیان میں اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی ان کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خطرہ بڑھ رہا ہے کیونکہ فروخت کے لیے دستیاب ذخائر کم ہو گئے ہیں۔ملک میں صرف 14 دن کا پیٹرول کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔
رپورٹ میں صنعتی اعداد و شمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے 13 دنوں کے دوران پیٹرول کی یومیہ فروخت اوسطاً 25 ہزار ٹن رہی، جو اندازوں سے تقریباً 16 فیصد اور گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔
کھپت میں اضافے کو اس بات سے جوڑا جا رہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور ممکنہ اضافے کی توقع کے باعث صارفین اور ڈیلرز نے خریداری بڑھا دی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *