بلوچستان میں قیام امن قوی یکجہتی کے لیے حکومت بلوچستان اے پی سی بلائے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان

کوئٹہ ( ویب ڈیسک) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بے گناہ شہریوں کے جان و مال کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام بنانا ریاست اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری نے کہا کہ بلوچستان کے حالات سے یہ امر واضح ہے کہ پاکستان دشمن عناصر بدامنی اور انتشار کو ہوا دے کر ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان سازشوں کا بروقت اور مو ¿ثر سدباب ناگزیر ہے، جبکہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور لسانی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ حکومتِ بلوچستان فوری طور پر تمام سیاسی، مذہبی، قبائلی، سماجی اور قومی قیادت پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس (APC) طلب کرے تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ، قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ، جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ کسی بھی دہشت گرد گروہ، شدت پسند تنظیم یا بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کی سلامتی، قومی وحدت اور آئین کی بالادستی کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں متحد ہونا ہوگا۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان نے جذبہ حیدری سے سر شعار نشان حیدر والی پاک فوج جو ہمارے ماتھے کا جھومر ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع، قومی وحدت اور بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *