کم عمری اور جبری شادیاں بچیوں کے بنیادی انسانی حقوق، تعلیم، صحت اور آزادانہ زندگی کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہیں،شازیہ مری

اسلام آباد۔(ویب ڈیسک) اسلام آباد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کم عمری، جبری اور قبل از وقت شادیوں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کم عمری اور جبری شادیاں بچیوں کے بنیادی انسانی حقوق، تعلیم، صحت اور آزادانہ زندگی کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بچوں کا بچپن، تعلیم اور مستقبل فرسودہ روایات، غربت اور سماجی دباؤ کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم اور خودمختاری کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق پیپلز پارٹی نے خواتین اور بچوں کے حقوق کو اپنی جمہوری و ترقی پسند سیاست کا بنیادی محور بنایا اورسندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2013 میں تاریخی قانون سازی کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی۔

شازیہ مری نے کہا کہ سندھ چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 کم عمری کی شادی کے خاتمے اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کے عملی عزم کا مظہر ہے،پیپلز پارٹی نے پارلیمانی سطح پر بھی کم عمری کی شادیوں کے سدباب اور بچوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی حمایت کی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ اسلام آباد میں کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لیے 2025 کی قانون سازی بچوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے،کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے قانون سازی کے ساتھ قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور معاشرتی شعور بیدار کرنا بھی ضروری ہے،ہر بچی کو تعلیم حاصل کرنے، اپنے خواب پورے کرنے اور اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا مساوی حق حاصل ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بچیوں کو بااختیار بنانا دراصل آنے والی نسلوں کو تعلیم یافتہ، محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کرنا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں کم عمری اور جبری شادیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور عوامی آگاہی مہمات کو یقینی بنائیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں ہر بچے کا بچپن محفوظ اور ہر بچی کا مستقبل بااختیار ہو ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *