وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز کے شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اہم اجلاس

اسلام آباد۔(ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا،ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لئے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے،ایس ایم ایز کے لئے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایاجائے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز کے شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادہ کے لئے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لئے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایس ایم ایز جن کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں ا ن کو قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے،ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لئے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لئے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لئے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ کے اجرا ء اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں، ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کے لئے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

بینکوں نے جون 2028ء تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی اور قرض لینے والے ایس ایم ایز کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، ریاض حسین پیر زادہ، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے سی ای اوز کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *