پشاور ہائیکورٹ نے 10 سال ناحق قید شہری کو ایک کروڑ معاوضہ دینے کا حکم50 لاکھ صوبائی حکومت اور پچاس لاکھ ذمہ دار افسران اپنی ذاتی حیثیت میں ادا کریں گے، عدالت

پشاور(ویب ڈیسک)پشاور ہائیکورٹ نے دس سال ناحق قید کاٹنے والے شہری کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا حکم جاری کر دیا۔پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق معاوضے کی رقم میں سے پچاس لاکھ روپے صوبائی حکومت جبکہ پچاس لاکھ روپے ذمہ دار افسران اپنی ذاتی حیثیت میں ادا کریں گے۔ عدالت نے ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی اور ادارہ جاتی اصلاحات کا بھی حکم دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار امین حسین سزا مکمل ہونے کے باوجود دس سال تک بغیر ٹرائل قید رہا، دو ہزار سولہ میں سزا مکمل ہونے کے باوجود خیبرپختونخوا حکام ملزم کو کراچی سے کرم منتقل نہ کر سکے، تاہم پشاور ہائیکورٹ کی مداخلت پر درخواست گزار کو مئی دو ہزار چھبیس میں ضلع کرم منتقل کر کے ضمانت دی گئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ مسلسل قید سے آئین کے آرٹیکلز چار، نو، دس اے اور چودہ کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی، کوئی سرکاری محکمہ اپنی غفلت کا ملبہ دوسرے محکمے پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتا کیونکہ سرکاری منصب مقدس امانت ہے اور شہری کی آزادی کے معاملے میں غفلت ناقابل قبول ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *