امریکا میں پاکستان کے سفیر کی شکاگو یونیورسٹی میں پاکستان سمٹ میں شرکت، طلبہ و ماہرینِ تعلیم اور ابھرتی قیادت سے تبادلہ خیال کیا

واشنگٹن۔(انٹر نیشنل ڈیسک) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے شکاگو یونیورسٹی میں طلبہ کی جانب سے پہلی مرتبہ منعقدہ پاکستان سمٹ کے موقع پر خصوصی نشست میں طلبہ، ماہرینِ تعلیم اور ابھرتی ہوئی قیادت سے تبادلہ خیال کیا۔ سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سفیر نے پاکستان کی خارجہ پالیسی، پاک امریکا تعلقات اور ابھرتے ہوئے اقتصادی مواقع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکی کانگریس کے رکن جوناتھن جیکسن نے بھی سمٹ میں شرکت کی اور پاکستان کے سفیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے شکاگو کے دو روزہ دورے کے دوران کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا اور امریکی سیاسی و سماجی قیادت کے ساتھ روابط مزید مستحکم کرنے کے امور بارے گفتگو بھی کی۔ ریاست الینوائے کے شہر رومیوویل کے میئر جان نوواک کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں پاکستان کے ساتھ سسٹر سٹی شراکت داری قائم کرنے بارے تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

شکاگو یونیورسٹی میں پاکستانی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش نے دورے کو ایک ثقافتی رنگ بھی دیا جس میں پاکستان کے شاندار فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ یہ دورہ اقتصادی، تکنیکی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کا عکاس ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *