“ویزوں کی مشکلات کے باوجود 42ویں عالمی نمائش توقعات سے کہیں زیادہ کامیاب رہی: پی سی ایم ای اے”

کراچی /لاہور(کامرس ڈیسک:   )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم کھوکھر اور سینئر وائس چیئرمین خواجہ میر مدثر نے لاہور میں منعقد ہونے والی تین روزہ 42ویں عالمی نمائش کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ویزوں کے مسائل کے باوجود عالمی نمائش میں توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں ملی ہیں،طے پانے والے برآمدی آرڈرز کے حوالے سے اعدادوشمار مرتب کئے جارہے ہیں،نمائش میں غیر ملکی خریداروں کی بھرپور شرکت انتہائی حوصلہ افزا ء ہے، بھرپور تعاون فراہم کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں لاہور میں اختتام پذیر ہونے والی تین روزہ عالمی نمائش کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما ریاض احمد،عثمان اشرف،میجر (ر)اختر نذیر، سعید خان، قمر ضیا ء، شیخ عامر خالد، کامران رضی،مسز سکندرین،وسیم مختار اعوان سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ اجلاس کے شرکا نے چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد کی سربراہی میں تمام منتظمین کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ نعیم کھوکھر اور خواجہ میر مدثر نے کہا کہ موجودہ حالات میں عالمی نمائش کاکامیاب انعقاد ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ہے اور اس سے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔عالمی نمائش میں سنجیدہ خریداروں نے شرکت کر کے بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈرز دئیے ہیں جس کے باضابطہ اعدادوشمار مرتب کر کے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں کئی عالمی ایونٹس منعقد ہونے جارہے ہیں جن میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سے درخواست ہے کہ اس تناظر میں زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کیاجائے تاکہ برآمدات کے ذریعے ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکے۔اجلاس میں اس تجویز پر اتفاق کیا گیا کہ نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کمپنیوں کو خیر سگالی کے طور پر خطوط ارسا ل کئے جائیں گے جس سے روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *