یورپ کیلئے براہ راست شپنگ سروس بحال، برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی، وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی اور یورپ کی بڑی بندرگاہوں کے درمیان براہ راست شپنگ رابطہ بحال کر دیا گیا ہے جس سے طویل سفری دورانیے اور اضافی مال برداری اخراجات کا سامنا کرنے والے برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان کیلئے میڈیٹیرینین شپنگ کمپنی نے اپنی پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کر دی ہے، جس کے تحت کراچی سے یورپ کیلئے ہفتہ وار براہ راست شپنگ رابطہ فراہم کیا جائے گا۔ وزیر بحری امور کے مطابق ایم ایس سی کا جہاز کراچی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل پر ہر ہفتے لنگر انداز ہوگا اور کولمبو کے راستے یورپ کی اہم بندرگاہوں فیلکس اسٹو، روٹرڈیم، ہیمبرگ، بریمر ہیون، اینٹورپ، لے ہاور اور لندن گیٹ وے سے منسلک ہوگا۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یورپ کیلئے مخصوص شپنگ سروس کی بحالی برآمدی صنعت، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے اہم پیش رفت ہے جو بین الاقوامی شپنگ روٹس میں رکاوٹوں کے باعث طویل ٹرانزٹ اوقات اور بڑھتے ہوئے لاجسٹکس اخراجات سے متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل برآمدکنندگان نے حال ہی میں شپنگ روٹس میں تبدیلی خصوصاً بحیرہ احمر کی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدکنندگان کے مطابق جہازوں کے طویل سفر کے باعث یورپ اور امریکا کیلئے برآمدی سامان کی ترسیل کے اخراجات اور وقت دونوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستانی برآمدکنندگان کی عالمی منڈی میں مسابقت متاثر ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے کے تحفظات شپنگ کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے سامنے اٹھا رہی ہے تاکہ سمندری رابطوں کو بہتر بنایا اور بین الاقوامی تجارت کو سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قابل اعتماد اور مستقل شپنگ رابطے پاکستان کے برآمدکنندگان کیلئے انتہائی اہم ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ بحری شعبہ تجارت کو موثر معاونت فراہم کرے، لاجسٹکس کی رکاوٹیں کم ہوں اور عالمی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی مزید بہتر بنائی جائے۔ محمد جنید انوار چوہدری نے ایم ایس سی کی جانب سے پریمیم آئی پاک سروس کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے ہفتہ وار سروس کی فراہمی سے برآمدکنندگان کو یورپ کی اہم منڈیوں تک زیادہ بہتر اور قابل اعتماد رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے تاہم واضح کیا کہ اس سروس کی بحالی کو بین الاقوامی شپنگ روٹس کو درپیش تمام مسائل کا مکمل حل نہیں سمجھا جا سکتا، کیونکہ عالمی سطح پر روایتی شپنگ راستوں میں رکاوٹیں بدستور تجارت کو متاثر کر رہی ہیں۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ حکومت شپنگ صنعت اور برآمدکنندگان کے ساتھ مل کر رابطوں اور لاجسٹکس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔حکومت کا مقصد بندرگاہوں اور شپنگ خدمات کو مزید بہتر بنا کر ایک مؤثر بحری لاجسٹکس نظام تشکیل دینا اور عالمی تجارت میں پاکستان کی مسابقتی حیثیت مضبوط کرنا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (کے جی ٹی ایل) کی انتظامیہ کی جانب سے کراچی اور یورپ کی اہم منڈیوں کے درمیان بحری رابطہ بحال کرنے کی کوششوں کو سراہا ہے۔کے پی ٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ بحری لاجسٹکس نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحری رابطے کی بحالی سے کراچی سے یورپ کی اہم منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی اور ملکی برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *