قتل و غارت گری اور جرائم روزمرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل اور شاہ زاہد مشوانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر بدامنی اور انتظامی بے حسی کے باعث عملاً شہرِ ناپْرساں بن چکا ہے عوام کی جان و مال محفوظ نہیں قتل و غارت گری اور جرائم روزمرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں حکومت اور انتظامیہ کی خاموشی نے عوامی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے شہر میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم کے باعث شہری شدید اضطراب کا شکار ہیں۔ جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ نے ہمیشہ شہریوں کے بنیادی مسائل امن و امان اور عوامی حقوق کے حوالے سے جاندار آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضلعی مجلس عمومی کے اجلاس میں کوئٹہ کی موجودہ صورتحال سمیت شہر کو درپیش اہم مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اراکین کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس کے لیے تمام اراکین کو دعوت نامے ارسال کیے جاچکے ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *