Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری، ہزارہ ٹاؤن کے تاجر رہنما واحد ہادی، محمد مہدی، عزت اللہ کاظمی، حاجی عبدالحئی، ممبر سپریم کونسل الیاس ہزارہ، ملا مہدی ہزارہ، ناصر علی حیدری، نادر امانی، حفیظ اللہ نظری، زیشان علی، علی حسین، لالا عبدل، محمد علی، منظور حسین، ملا حسین و دیگر نے بولان میں نوجوانوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں مصطفیٰ ولد نادر علی کی شہادت اور دو نوجوانوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ شہری کی جان کا ضیاع پورے معاشرے کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بدامنی کے باعث مشکلات اور خوف کی فضا کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ کو مزید بڑھاتے
ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے محرکات اور پسِ پردہ حقائق سامنے لانا انتہائی ضروری ہے، اس لیے کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بجائے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں۔ واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت کرکے انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوام کو سڑکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر محفوظ ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ صرف مذمتی بیانات کافی نہیں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمی نوجوانوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، شہید نوجوان کے خاندان کو ہر ممکن تعاون اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے تمام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضروری ہے اور حکومت و متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے شہید نوجوان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی نوجوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔