Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
گنداواہ(ویب ڈیسک) نیشنل بینک گنداواہ برانچ میں اے ٹی ایم مشین کی سہولت نہ ہونے کے باعث عوام، سرکاری ملازمین، پنشنرز اور کاروباری حضرات شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ گنداواہ جیسے ضلعی ہیڈکوارٹر اور اہم تجارتی مرکز میں نیشنل بینک کی موجودگی کے باوجود صارفین کو اے ٹی ایم جیسی بنیادی بینکاری سہولت سے محروم رکھنا شہریوں کے لیے ناقابلِ فہم اور باعثِ تشویش ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں اے ٹی ایم مشین کوئی اضافی سہولت نہیں بلکہ بینکاری نظام کی بنیادی ضرورت ہے، مگر نیشنل بینک گنداواہ کے صارفین اس بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔ رقم کی فوری ضرورت کے وقت شہریوں، خصوصاً بزرگ پنشنرز اور سرکاری ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوامی حلقوں نے نیشنل بینک کے اعلیٰ حکام کی عدم توجہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے مکمل بینکاری خدمات کی توقع رکھنا لیکن انہیں بنیادی سہولت فراہم نہ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ گنداواہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل بینک انتظامیہ کو عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری عملی اقدام کرنا ہوگا۔شہریوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کے اعلیٰ حکام سے دوٹوک مطالبہ کیا ہے کہ گنداواہ برانچ میں جدید اور فعال اے ٹی ایم مشین فوری طور پر نصب کی جائے۔ عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس بنیادی عوامی مسئلے کو مسلسل نظرانداز کیا گیا تو شہری متعلقہ حکام کے سامنے بھرپور آواز اٹھانے اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔گنداواہ کے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل بینک حکام کاغذی کارروائی اور خاموشی کے بجائے عملی اقدامات کریں اور عوام کو ان کا بنیادی بینکاری حق فراہم کیا جائے۔