حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کی بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر تشویش

اسلام آباد (کشمیر ڈیسک)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں محمد فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین،حاجی سلطان بٹ، زاہد اشرف، منظور احمد ڈار اور محمد اشرف ڈارنے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے جاری قتل و غارت، غیر قانونی گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی، مکانات اور دیگر املاک کی تباہی سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور اپنے اس ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کی بھی مذمت کی۔حریت رہنماؤں نے کشمیری شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کے بلند عزم و حوصلے کو سراہا۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں بشمول حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، بلال صدیقی، مولوی بشیر احمدعرفانی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، میاں عبدالقیوم، محمد رفیق گنائی، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، فاروق احمد توحیدی، غلام محمد خان سوپوری، ظفر اکبر بٹ، فیاض حسین جعفری، حیات احمد بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، عمر عادل ڈار، ملک نور  فیاض، محمد یاسین بٹ اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو اوردیگر تمام نظر بند کارکنوں اور نوجوانوں کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *