Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام جمہوری عمل، آئینی بالادستی اور عوام کے حقِ رائے دہی کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کرے گی اور ہر غیر جمہوری و غیر آئینی عمل کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔ جبر، استبداد اور غلامی کے خلاف ہمارے اسلاف کی تاریخ عزم، استقامت اور مزاحمت سے عبارت ہے، تحریکِ آزادی کے اسیرانِ مالٹا اسی مزاحمتی جدوجہد کا روشن باب ہیں۔ وطنِ عزیز پاکستان سے محبت ہمارے لیے محض سیاسی نعرہ نہیں بلکہ اسلامی، ملی اور قومی فریضہ ہے، جس کے لیے ہمیں کسی بیرونی ہدایت، اجازت یا رہنمائی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پوری قوم نے اپنے ووٹ کے ذریعے جمعیت علماء اسلام پر اعتماد کا اظہار کیا، لیکن عوامی مینڈیٹ کو محلاتی سازشوں اور سیاسی جوڑ توڑ کی نذر کردیا گیا؛ آج اس کے نتائج پوری قوم کے سامنے ہیں کہ اختلافِ رائے کو دبایا جارہا ہے، زبانوں پر تالے ڈالے جارہے ہیں اور سیاسی وفاداریوں کی خرید و فروخت کے ذریعے ضمیروں کی منڈی سجائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس اسمبلی کی نمائندگی کے لیے بولیاں لگانے والے آج اپنے ہی منصب اور سیاسی حیثیت کے بارے میں بے یقینی کا شکار ہیں، اگر وہ حقیقی عوامی نمائندے ہوتے اور حقیقی عوامی مینڈیٹ کے ذریعے ایوان میں پہنچے ہوتے تو انہیں اپنے ضمیر اور عوام کے سامنے جواب دہی کا خوف نہ ہوتا۔ جمعیت علماء اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک منظم فکری، دینی اور تربیتی تحریک ہے، جس میں کارکنوں کی تربیت کا باقاعدہ اور مروجہ نظام موجود ہے؛ ہمارے کارکنوں کو دینی علوم، سیاسی شعور، تنظیمی نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ دار، باکردار اور محبِ وطن پاکستانی کی حیثیت سے کردار ادا کرنے کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا ایک ایک نظریاتی کارکن ملک کے وسائل، قومی امانت اور عوامی حقوق کا امین بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ریاستی و قومی معاملات میں دیانت، اہلیت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ نظریاتی کارکن جمعیت علماء اسلام کا اصل سرمایہ اور اس جماعت کی سب سے بڑی قوت ہیں؛ یہی نظریاتی وابستگی اور فکری تربیت ہماری جماعت کا امتیاز ہے۔ جمعیت علماء اسلام ہمارا فخر، ہماری شناخت اور ہمارا وقار ہے، ہم اپنے نظریات، دستور، آئینی اصولوں اور جمہوری جدوجہد کے دفاع کے ساتھ ساتھ ان کے فروغ کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام میں جدوجہد کا ہر لمحہ ہمارے لیے سیاسی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عبادت کا درجہ رکھتا ہے، اور ہم اپنے نظریات و اصولوں کے تحفظ کے لیے آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔