عوام کے تحفظات پر اب کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا! کمشنر کوئٹہ

 کوئٹہ(ویب ڈیسک)رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی کی قیادت میں بازئی قبائل کے ایک وفد نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری سے ملاقات کی،جس میں اغبرگ اور نوحصار میں قبائل کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی چیک پوسٹوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران قبائلی معتبرین نے سکیورٹی چیک پوسٹوں کے حوالے سے اپنے تحفظات اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ قبائلی وفد نے مختلف چیک پوسٹوں کی افادیت، موجودہ مقامات، فعالیت اور ممکنہ منتقلی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ بعض سکیورٹی چیک پوسٹیں علاقے کے امن و تحفظ کے لیے اہم ہیں، تاہم بعض مقامات پر عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں کی منتقلی اور فعالیت کے حوالے سے مقامی آبادی کے تحفظات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے قبائلی وفد کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کو چیک پوسٹوں سے متعلق قبائل کے تحفظات دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ علاقوں کا موقع پر دورہ کرکے چیک پوسٹوں کی موجودہ صورتحال، ضرورت اور عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا جائے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں کی منتقلی اور فعالیت سے متعلق زمینی حقائق کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ذیشان لاشاری نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ عوام اور قبائلی عمائدین کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور باہمی مشاورت سے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں ملک عبدالرحمان بازئی سمیت دیگر قبائلی معتبرین اور معززین بھی شریک تھے۔ قبائلی وفد نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *