Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
پنجگور (ویب ڈیسک)انجمن تاجران پنجگور کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بڑی تعداد میں تاجروں نے انجمن تاجران پنجگور کے صدر سے ملاقات کرکے کوئٹہ–پنجگور روٹ پر تاجروں کو درپیش مسلسل سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق گزشتہ دو روز پہلے منگوجر کے علاقے میں پنجگور تاجر برادری کے آٹے سے لدے دو ٹرک مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے، جنہیں آج دوپہر 13 لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ بار بار تاجروں کے ٹرک اور سامان روکے جانے، بھاری رقوم کے مطالبات اور مسلسل مالی نقصان نے تاجر برادری کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ تاجر اب مزید اس نقصان کا بوجھ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔اسی صورتحال کے پیشِ نظر پنجگور تاجر برادری نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مزید راشن کی ترسیل نہیں کی جائے گی، جس میں آٹا، چاول اور دیگر اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ تاجر برادری کسی سے تصادم نہیں چاہتی اور نہ ہی کسی غیرقانونی اقدام کا حصہ بننا چاہتی ہے، لیکن اگر اپنے کاروبار، سرمایہ اور جان و مال کا تحفظ ممکن نہیں تو تاجر برادری کے پاس اپنے کاروبار اور راشن کی ترسیل روکنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہتا۔ترجمان نے کہا کہ تاجر ہر روز اپنے لاکھوں کروڑوں روپے کا نقصان ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ اگر حکومت اور متعلقہ انتظامیہ تاجروں کے ٹرکوں، سامان اور کاروبار کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو تاجر برادری بھی اپنی استطاعت کے مطابق مزید نقصان برداشت نہیں کرے گی۔انجمن تاجران پنجگور جلد ایک اہم پریس کانفرنس کے ذریعے عوام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو تاجر برادری کی موجودہ صورتحال، مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے باقاعدہ آگاہ کرے گی۔