کچھ لوگوں کی سیاست مریم نواز کے مرہون منت ہے؛ 27 ستمبر کی بغاوت سے والدین بچوں کو دور رکھیں: عظمیٰ بخاری

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ذاتی حملے کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے،لاہور کے بعد اب ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ملتان میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے کوابلیشن اور کینسر سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے،جہاں ہر سٹیج کے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا، کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے لمبی لمبی تاریخیں نہیں دی جائیں گی،کینسر کے مریض کا علاج صرف 60 منٹ میں ہوگا،یہ مریم نواز کا پنجاب میں صحت کے شعبے میں سب سے بڑا انقلابی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا ایک ہزار بیڈ پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال مکمل ہو چکا ہے،نواز شریف کینسر ہسپتال پاکستان کا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے،پی کے ایل آئی کی طرح نواز شریف کینسر ہسپتال بھی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں ہے،جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ذاتی حملے کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے،مریم نواز پنجاب کو جدید ترین اور ترقی یافتہ صوبہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیر اعلی در بدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے،9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں، 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی پلاننگ ہورہی، خیبرپختونخوا ہ کے والدین اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی بغاوتوں سے دور رکھیں،اس کے اپنے بچے لندن میں لگژری زندگی گزار رہے یہ پختونخوا ہ کے بچوں کو پھر اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *