شہریوں سے رشوت اور بدتمیزی: کوئٹہ میں ایگل اسکواڈ پر سنگین الزامات

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالصمد حقیار نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک اور رشوت طلب کیے جانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔ ایگل اسکواڈ کے اہلکار عوام کے محافظ بننے کے بجائے مبینہ طور پر غنڈہ گردی کی روش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ شہر بھر میں شہریوں کو ہراساں کرنے اور مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایگل اسکواڈ کے ناروا رویے سے تنگ آچکے ہیں۔ شہری ایک جانب راہزنوں اور قاتلوں کے ہاتھوں عدم تحفظ کا شکار ہیں تو دوسری جانب ایگل اسکواڈ کے بعض اہلکاروں کے مبینہ ناروا سلوک اور ہراسانی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ باعزت شہریوں اور سفید ریش افراد کو بلاجواز تنگ کرنا اور انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مین ایئرپورٹ روڈ بلاک نادرا کے قریب ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں نے نواں کلی کے رہائشی نوجوان سعید انور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بروری روڈ تھانہ کے قریب عیسی خان سے گن پوائنٹ پر چوروں نے موثر سائیکل اور موبائل چھین کر ڈاکو فرار ہوگئے، اس پر بروری روڈ پولیس اسٹیشن نے ایف آئی آر کاٹنے سے انکار کیا۔انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں کے جان و مال عزت و وقار اور بنیادی حقوق کا تحفظ پولیس اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *