Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

لاہور(ویب ڈیسک)سرکاری و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ 2026ء کا امتحان آج (اتوار)20ستمبر کو منعقد ہوگا جس کے حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے امیدواروں کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کا امتحان صبح 10بجے شروع اور دوپہر ایک بجے ختم ہوگا۔یو ایچ ایس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق امیدواروں کو امتحانی مرکز میں صبح 7:30بجے سے 9بجے تک داخل ہونے کی اجازت ہوگی جبکہ صبح 9بجے کے بعد کسی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحانی مرکز میں داخلے کیلئے امیدوار کا رول نمبر سلپ ساتھ لانا لازمی ہوگا جبکہ امیدواروں کو اپنی شناخت کیلئے اصل شناختی کارڈ یا نادرا ب فارم بھی ہمراہ لانا ہوگا۔ 18سال سے کم عمر امیدواروں کیلئے ب فارم قابل قبول ہوگا۔ہدایات کے مطابق امیدوار کلپ بورڈ، شفاف پانی کی بوتل اور ٹرانسپرنٹ پلاسٹک پاؤچ ساتھ لا سکتے ہیں تاہم موبائل فون، سمارٹ واچ، کیلکولیٹر، میٹل واچ، موبائل چارجر، پاور بینک، ہیڈ فون، ایئر بڈز اور دیگر الیکٹرانک آلات امتحانی مرکز میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔امتحان کے دوران جوابات درج کرنے کیلئے امیدواروں کو ریسپانس فارم فراہم کیا جائے گا جسے انتہائی احتیاط سے پر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یو ایچ ایس کے مطابق ریسپانس فارم میں کسی غلطی کی صورت میں امیدوار کو دوسرا فارم جاری نہیں کیا جائے گا۔ امیدواروں کو امتحان ختم ہونے سے قبل ریسپانس فارم کی دونوں شیٹس الگ نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔جاری ہدایات کے مطابق سوالیہ پرچہ امتحان شروع ہونے سے چند منٹ قبل امیدواروں میں تقسیم کیا جائے گا تاہم امیدواروں کو ہدایت ملنے تک سوالیہ پرچہ کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدوار پرچہ شروع کرنے سے قبل اس کے تمام صفحات چیک کریں گے اور کسی صفحے کے غائب ہونے یا پرنٹنگ میں خرابی کی صورت میں فوری طور پر نگران عملے کو اطلاع دیں گے۔یو ایچ ایس نے واضح کیا ہے کہ امتحان شروع ہونے کے بعد امیدوار سوالیہ پرچے میں موجود تمام سوالات کو غور سے پڑھیں اور جوابات ریسپانس فارم پر احتیاط سے درج کریں۔ امتحان مکمل ہونے کے بعد امیدوار ریسپانس فارم مقررہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائیں گے۔امتحان کے اختتام پر امیدوار سے ریسپانس فارم کے اوپر والی کلر شیٹ اور مکمل سوالیہ پرچہ واپس لے لیا جائے گا جبکہ ریسپانس فارم کی نچلی کاربن کاپی امیدوار اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں۔