جامعہ تربت تعلیمی معیار کی بلندی کا سفر جاری، الحاق کمیٹی کے نویں اجلاس میں ملحقہ کالجز میں نئے تعلیمی پروگرامز بنانے سے متعلق اہم فیصلے

تربت (ویب ڈیسک) جامعہ تربت کی الحاق کمیٹی کا نواں اجلاس فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور (تمغہ امتیاز) کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ملحقہ ڈگری کالجوں میں نئے تعلیمی پروگرامز کے اجراء، نصاب و تدریسی نظام اور  امتحانات کے طریقہ کار سمیت مختلف تعلیمی امور کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالصبور نے واضح کیا کہ ملحقہ کالجوں میں تعلیمی معیارکوبرقراررکھنا جامعہ تربت کی اولین ترجیح ہے اور ایچ ای سی فریم ورک کے مطابق کوالٹی ایشورینس اور تعلیمی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان اہداف کے حصول کے لئے اجلاس نے قابل اساتذہ، جدید تدریسی طریقہ کار، عصری نصاب اور مضبوط بنیادی ڈھانچے کی اہمیت کے علاوہ ملحقہ کالجوں، صوبائی محکمہ تعلیم اور جامعہ تربت کی انتظامیہ کے درمیان موثر ورکنگ ریلیشن شپ اور باہمی رابطہ بڑھانے کی ضرورت پر  زور دیا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے الحاق کمیٹی کے اجلاسوں کی بروقت
 انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملحقہ کالجوں میں جدید ٹیکنالوجی اور کوالٹی ایشورینس کے فروغ کے لئے رہنمائی فراہم کرنا یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان 2030 کا اہم حصہ ہے، جس کی تکمیل کے لیے الحاق کمیٹی،  کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور شعبہ امتحانات  ایچ ای سی فریم ورک کے مطابق مسلسل کوشاں ہیں۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالماجد ناصر، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر ریاض احمد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت، اور ڈپٹی رجسٹرار شاہد خالد نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *