جامعہ تربت کے شعبہ سوشیالوجی کے طلبہ کا کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا دورہ، کمیونٹی ہیلتھ کیئر فریم ورک کا عملی مشاہدہ

تربت (ویب ڈیسک) جامعہ تربت کے بی ایس سوشیالوجی پروگرام کے چھٹے سمسٹر کے طلبہ نے فیکلٹی ممبر نورل برکت کی سربراہی میں تربت میں قائم کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا تعلیمی و مشاہداتی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کمیونٹی ہیلتھ کیئر کے کام کرنے کے طریقہ کار، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کے نفسیاتی و سماجی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے علاوہ کمیونٹی ہیلتھ کے فروغ میں طلبہ کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔بریفنگ کے دوران سنٹر کے بانی و چیئرمین ارشاد عارف نے ادارے کی تاریخ، دستیاب سہولیات، چیلنجز اور تھیلیسیمیا کی موروثی منتقلی کے تدارک سے متعلق کیے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس کے بعد طلبہ نے پیشنٹ وارڈ، سیمپلنگ روم اور ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلڈ سیمپلنگ پروٹوکولز، اسکریننگ کے طریقہ کار، کراس میچنگ کے طریقوں، اور خون سے متعلقہ امراض اور حفاظتی انتظامات کا عملی مشاہدہ کیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تعلیمی دوروں سے کمیونٹی اور یونیورسٹی کے درمیان روابط کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، اور اس طرح کی سرگرمیاں کلاس روم تعلیم اور فیلڈ پریکٹس کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے اسٹریٹیجک پلان 2030 کے تحت طلبہ کے لیے پریکٹیکل سرگرمیوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *