امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کاضلع گوادر کے مزید سات بند ہسپتال جلد فعال کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور

کوئٹہ (ویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے وحق دو تحریک گوادرکے قائدمولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پی پی ایچ آئی آفس کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر منیر احمدسے ملاقات کی اور ضلع گوادر میں بند ہسپتالوں کی بحالی،ڈاکٹرز کی تعیناتی اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع گوادر میں باقی دیگربند ہسپتالوں کو جلد از جلد کھولنے اور ان میں ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پیش رفت دریافت کی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ بند ہسپتالوں کو فعال کرنا بنیادی طور پر پی پی ایچ آئی کی ذمہ داری ہے، تاہم اس کے باوجود وہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے اس معاملے پر مسلسل کوشش کررہے ہیں تاکہ ضلع کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کے علاقوں میں ہی میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی ایک فعال ادارہ ہے اور اس کی کوششوں سے ضلع گوادر کے متعدد ہسپتال دوبارہ فعال ہوچکے ہیں، تاہم مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ باقی رہ جانے والے سات ہسپتال بھی جلد کھولے جاسکیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے غیر حاضر ڈاکٹرز کے حوالے سے بھی سختی سے کہا کہ جو ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں، ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے اور اس معاملے میں کسی قسم کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کے لیے بنیادی مرکز صحت ہی علاج کا واحد ذریعہ ہوتا ہے، اس لیے وہاں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنانا ضروری ہے۔اس موقع پر پی پی ایچ آئی کے ذمہ دار افسر نے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ باقی ماندہ ہسپتالوں کو جلد فعال کرنے، ڈاکٹرز کی تعیناتی اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ضلع گوادر کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *