اساتذہ کسی غیر معمولی یا ناجائز مطالبے کے خواہاں نہیں بلکہ ان کے مطالبات قانون، قواعد و ضوابط اور اکیڈمک کمیونٹی کے جائز حقوق سے متعلق ہیں، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن

تربت (ویب ڈیسک) جامعہ تربت کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے یونیورسٹی کے اساتذہ کے جائز، قانونی اور اجتماعی مطالبات کے حق میں اعلان کردہ مرحلہ وار پْرامن احتجاجی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ احتجاج کے پہلے مرحلے میں فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے کی بورڈ چوک سے جامعہ تربت کے ایڈمنسٹریشن بلاک تک پْرامن واک کی، جس کے بعد ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے ایک گھنٹے تک دھرنا دیا گیا۔انہوں نے منظم انداز میں ایڈمنسٹریشن بلاک کی جانب پْرامن واک کی۔ بعد ازاں اساتذہ نے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے دھرنا دے کر اپنے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کی اور مطالبات کی منظوری تک آئینی، قانونی اور پْرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ASAUT کے نمائندگان اور مقررین نے کہا کہ موجودہ احتجاج کسی فرد، شخصیت یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ جامعہ تربت کے اساتذہ کے جائز حقوق، اکیڈمک وقار، ادارہ جاتی شفافیت اور یونیورسٹی کے بہتر مستقبل کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی غیر معمولی یا ناجائز مطالبے کے خواہاں نہیں بلکہ ان کے مطالبات قانون، قواعد و ضوابط اور اکیڈمک کمیونٹی کے جائز حقوق سے متعلق ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات پر بروقت اور عملی پیش رفت نہ ہونے کے باعث فیکلٹی ممبران میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جس کے پیش نظراکیڈمک اسٹاف ایسوسی نے مرحلہ وار پْرامن احتجاجی تحریک کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن اپنے مطالبات کے حصول کے لیے تمام آئینی اور قانونی ذرائع استعمال کرے گی، تاہم احتجاج کے تمام مراحل میں پْرامن، باوقار اور نظم و ضبط پر مبنی طرزِ عمل برقرار رکھا جائے گا۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی کے نمائندگان نے جامعہ تربت کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے مطالبات پر فوری، سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کا آغاز کریں اور مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان باہمی مشاورت اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی نے خبردار کیا کہ اگر جائز مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہوئی تو اعلان کردہ مرحلہ وار احتجاجی پروگرام کے آئندہ مراحل بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رکھے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کونسل نے احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے والے تمام فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی آج کی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اپنے جائز مطالبات کے لیے متحد، منظم اور پْرعزم ہے۔کونسل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسوسی ایشن آئندہ بھی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے پْرامن اور آئینی راستہ اختیار کرے گی اور یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، اکیڈمک وقار اور ادارے کے بہتر مستقبل کو مقدم رکھا جائے گا۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مطالبات واضح ہیں، جن میں جائز مطالبات پر فوری توجہ، سنجیدہ مذاکرات اور عملی اقدامات شامل ہیں۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی نے کہا کہ اتحاد اساتذہ کی طاقت اور پْرامن جدوجہد ان کا راستہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *