جامعہ تربت کے سوشیالوجی طلبہ نے بلوچستان کے معروف اداروں میں عملی تربیت پر مبنی انٹرن شپ مکمل کرلی، ترجمان

تربت (ویب ڈیسک) جامعہ تربت کے شعبہ سوشیالوجی کے سینئر طلبہ نے بلوچستان کے کئی معروف اداروں میں آٹھ ہفتوں پر مشتمل اپنی انٹرن شپ کامیابی سے مکمل کر لی ہے، جن میں کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف سائیکائٹری اینڈ بیہیویورل سائنسز، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام، اور پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو شامل ہیں۔انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کے چیئرمین ارشاد عارف اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حکام امتیاز سخی، محمد عیسیٰ اور شاکرعلی شاکر نے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر طاہر حکیم اور چیئرمین شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر نادل بلوچ نے ان تمام اداروں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انٹرن شپ کے دوران جامعہ کے طلبہ کے ساتھ تعاون کیا۔جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ جامعہ تربت طلبہ کو عملی تربیت کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، جن کا مقصد طلبہ کو سماجی طور پر ذمہ دار شہری  بنانا اور انہیں اپنی کمیونٹی اور معاشرے کی خدمت کے لیے تیار کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک وصوبے کے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینا یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *