کیچ میں بدامنی، چوری ڈکیتی اور بارڈر پوائنٹس کی بندش کے خلاف تحریک کا اعلان

تربت(ویب ڈیسک) آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کیچ میں مسلسل بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، چوری ڈکیتی، قتل و اغوا، کاروباری افراد کو نامعلوم نمبروں سے بھتہ خوری کی دھمکیوں، شہریوں کے گھروں، دکانوں اور قیمتی اشیائخصوصاً موٹر سائیکلوں کی لوٹ مار اور عبدوئی و جالگی بارڈر پوائنٹس کی مسلسل بندش نے عوام کو شدید سیاسی، سماجی اور معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان سنگین حالات پر انتظامیہ کی خاموشی اور محض جھوٹی تسلیوں پر مبنی طرزِ عمل ناقابلِ قبول ہے۔ترجمان نے کہا کہ بارڈر پوائنٹس کی بندش سے ہزاروں غریب مزدور، محنت کش، دکاندار اور بارڈر تجارت سے وابستہ خاندانوں کے روزگار کے ذرائع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ عوام کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلنے کے بجائے فوری طور پر تمام بارڈر پوائنٹس، بالخصوص عبدوئی اور جالگی کو فعال کرے اور بارڈر تجارت سے وابستہ لوگوں کا معاشی حق بحال کرے۔انہوں نے کہا کہ کیچ میں پولیس کی کارکردگی بھی مسلسل سوالات کی زد میں ہے اور عوام کا پولیس پر اعتماد تیزی سے مجروح ہو رہا ہے۔ چوروں، ڈکیتوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ سرفراز میڈیکل اسٹور پر حملے کے واقعے کے ملزمان کا تاحال آزاد گھومنا پولیس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔آل پارٹیز کیچ واضح کرتی ہے کہ عوام کو مزید بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جا سکتا۔ کیچ کے عوام اب اپنے گھروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اپنے جان و مال کے تحفظ، روزگار کے حق اور بارڈر تجارت کی بحالی کے لیے مسلسل اور مرحلہ وار احتجاج کریں گے۔ یہ احتجاجی سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پولیس اور انتظامیہ کیچ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتیں اور عبدوئی، جالگی سمیت تمام بارڈر پوائنٹس کو مکمل طور پر فعال نہیں کیا جاتا۔ترجمان نے کہا کہ 20 ستمبر کی احتجاجی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے کیچ کے مختلف علاقوں اور محلوں میں مرحلہ وار کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ اسی سلسلے میں کل 12 ستمبر بروز ہفتہ شام ساڑھے پانچ بجے یوتھ کلب آبسر، تربت میں احتجاجی کارنر میٹنگ منعقد کی جا رہی ہے۔آل پارٹیز کیچ کی جانب سے کیچ کے عوام، بارڈر تجارت سے وابستہ افراد، مزدوروں، دکانداروں، کاروباری طبقے، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور تمام باشعور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 12 ستمبر کی کارنر میٹنگ میں بھرپور شرکت کرکے کیچ کے عوام کے اجتماعی مسائل کے خلاف جاری جدوجہد کو مضبوط بنائیں اور 20 ستمبر کی احتجاجی ریلی کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *