جدید اور معیاری تعلیم ہی معاشرے اور ملک کی ترقی کی بنیادی ضمانت ہے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسیر جھل مگسی قرت العین مگسی

گنداواہ(ویب ڈیسک)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسیر جھل مگسی قرت العین مگسی سے صحافی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقات کی ملاقات کے دوران ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، تدریسی عمل کی بہتری، اساتذہ و دیگر عملے کی حاضری، طلباء کی حاضری، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی دستیابی اور معیاری تعلیمی ماحول سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گنداواہ سمیت ضلع جھل مگسی کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار کی بہتری، عملے کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کررہے ہیں اس موقع پر ڈی ای او جھل مگسی قرۃالعین مگسی نے کہا کہ جدید اور معیاری تعلیم ہی معاشرے اور ملک کی ترقی کی بنیادی ضمانت ہے۔ اساتذہ نئی نسل کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ فرائض سے غفلت برتنے اور بلاجواز غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔قرۃ العین مگسی نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی دستیابی، طلباء کی حاضری اور تدریسی معیار میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں تعلیم کے فروغ اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملاقات میں صحافی برادری نے تعلیمی اداروں سے متعلق عوامی مسائل اور زمینی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، جس پر ڈی ای او نے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مثبت تجاویز اور نشاندہی کیے گئے مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *