جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ ،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کر تے ہوئے واضح کیاہے کہ  نام نہاد بھارتی سرکاری نقشوں اور یک طرفہ خود مختاری کے دعوؤں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے جبکہ رائے شماری اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔ترجمان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سرکاری نقشوں میں مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ دکھایا گیا ہے، نام نہاد بھارتی سرکاری نقشوں اور یک طرفہ خود مختاری کے دعوؤں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا وعدہ پورا کرنے پر مجبور کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام یقینی بنائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *