حافظ نعیم الرحمان کا 12ربیع الاول کے فوراً بعد ملک گیر ہڑتال کرنے کااعلان

پشاور(ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول کے فوراً بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، معاملہ اب صرف 32 روپے فی لیٹر کمی سے حل نہیں ہوگا، عوام کو مکمل ریلیف دینا ہوگا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بھاری پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری اور حقیقی ریلیف دیا جائے، صرف 30 یا 32 روپے فی لٹر کمی کافی نہیں، بلکہ پٹرول پر عائد 80 روپے فی لیٹر لیوی ختم کی جائے۔انہوں کہا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں 510 مقامات پر احتجاج کیا گیا تھا، اب گلی محلوں تک جاکر عوام کو اس تحریک میں شامل کیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں کہ ہر روز عوام پر پٹرول بم گرایا جائے، ایک لٹر پٹرول پر تقریباً 130 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جن میں 80 روپے لیوی شامل ہے۔حافظ نعیم الرحمان کے بقول حکومت آئی ایم ایف کے اہداف پورے کرنے کے لیے عوام پر لیوی اور ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہی ہے، جبکہ اشرافیہ اپنے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے کیے گئے اور ان معاہدوں کا بوجھ بھی پاکستانی قوم سے وصول کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوام پر لیوی عائد کی جاتی ہے لیکن آئی پی پیز کے ٹیکس معاف کیے جاتے ہیں، اب ایسا نہیں ہوگا۔امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 12ربیع الاول کے فوراً بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، معاملہ اب صرف 32 روپے فی لیٹر کمی سے حل نہیں ہوگا، عوام کو مکمل ریلیف دینا ہوگا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جب عوام سڑکوں پر موجود ہوں گے تو اس نظام کو جام کر دیں گے، تاہم جماعت اسلامی پرامن طریقے سے معاملہ حل کرنا چاہتی ہے اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں چاہتی۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم سے رابطہ کرکے اسلام آباد پہنچیں گے اور اس وقت کسی کی کال نہیں سنیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نے غریب عوام اور نوجوانوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پہلے ہی مہنگی ہے، ایسے میں طالب علم پٹرول کیسے ڈلوائے جب کہ غریب نوجوان بڑی مشکل سے اپنے اخراجات پورے کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *