بہاولنگر میں دل دہلا دینے والا واقعہ، 7ماہ کی حاملہ بہو مبینہ طور پر قتل، مقدمہ درج،شوہر گرفتار

بہاولنگر(ویب ڈیسک)نواحی بستی ببلانہ موضع سمند سنگھ میں 7ماہ کی حاملہ خاتون شمائلہ بی بی کو اسکے خاوند اور ساس نے ملکر گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا ،پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔مدعی محمد سرفراز کے مطابق اس کی 20،21 سالہ بیٹی شمائلہ بی بی کی شادی دسمبر 2025 میں محمد اسماعیل سے ہوئی تھی۔ مدعی کا الزام ہے کہ شادی کے بعد سے ہی بیٹی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور گھریلو تنازع کے باعث اسے متعدد بار گھر سے نکالا گیا۔درخواست کے مطابق 19 اگست کو صبح تقریبا 11 بجے شمائلہ پریشان حالت میں اپنے میکے آئی، تاہم تقریبا آدھے گھنٹے بعد واپس سسرال چلی گئی۔ کچھ ہی دیر بعد چیخ و پکار کی آواز سن کر والد اور اہل خانہ بیٹی کے گھر پہنچے۔مدعی کا الزام ہے کہ وہاں شمائلہ کو کچن میں پھندے سے لٹکا ہوا پایا گیا، جبکہ ملزمان مبینہ طور پر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اہل خانہ نے فوری طور پر شمائلہ کو نیچے اتارا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے جسم کا ابتدائی معائنہ کیا گیا، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر منتقل کردیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔پولیس نے مدعی کی درخواست پر دفعہ 302/34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد اسماعیل کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے تمام پہلوں کی تفتیش جاری ہے۔ڈی پی او محمد عمران کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور شواہد کی روشنی میں ذمہ داروں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *