راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے

اسلام آباد/راولپنڈی(ویب ڈیسک)جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں طغیانی آگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی،نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محفوظ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور خطرے کے سائرن بجادیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں بھی جل تھل ایک ہوگئے ،سڑکوں پر پانی سے شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تاہم واسا کی ٹیمیں اور ہیوی مشینری نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں موجود رہیں رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش سیدپور میں 66 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ادھر پنجاب کے ضلع نارووال میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، منڈی بہاءالدین میں بھی بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جمعے تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہوسکتی ہے۔فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *