ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

 اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک کے طول و عرض بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔منگل کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد بارے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں،نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی عمل درآمد پر پیش رفت جائزہ اجلاس ہر ماہ ہوگا،ملک کے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا ہماری پر خلوص کاوشوں کا عکاس ہے،نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کے لئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے،قوم کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کے روزگار کے نئے مواقعوں میں شمولیت یقینی بنانے کے لئے ان کو ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک کے طول و عرض بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختو نخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے،ملک کی ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری و صنعتی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے نیوٹک اور سمیڈا میں ادرہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے اس پالیسی کی بدولت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن افردی قوت کے لئے خصوصی طور پر بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبان پر مہارت کے لئے بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہے،نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے لئے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جارہی ہے،حکومتی اقدامات کی بدولت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے توسط سے ملک کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اندرونی بیرون ملک روزگار کے مواقعوں کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہے،نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر موثر عملی اقدامات کے لئے تمام وزارتیں اور متعلقہ ادراے باہمی تعاون اور مشاورت سے کام کر رہی ہیں،تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کی رہنمائی اور کیریئر کانسلنگ کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئر مین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہوداحمد خان اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *