Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کراچی (کلچرل ڈیسک)پاکستان کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل انڈسٹری میں ایک نیا اور اہم سنگ میل عبور ہونے جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی محنت کو سراہنے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز(پی آئی اے)کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس ایوارڈ تقریب میں ملک بھر کے سوشل میڈیا کریئیٹرز اور انفلوئنسرز کو ان کی صلاحیتوں اور تخلیقی کام پر اعزازات دیے جائیں گے جبکہ تقریب کی میزبانی کے فرائض مشہور اور ہر دلعزیز وی لاگ پتن گیر سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی جوڑی، امتل باویجا اور فہد طارق کے سپرد کیے گئے ہیں۔یہ رنگارنگ تقریب رواں سال 7 نومبر کو منعقد ہوگی جس میں 30 سے زائد مختلف کیٹیگریز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ ان میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے لیے کریئیٹر آف دی ایئر اور ایمرجنگ کریئیٹر (نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ)کے خصوصی ایوارڈز شامل ہیں۔اس کے علاوہ روزمرہ کی زندگی سے جڑے دیگر اہم موضوعات مثلا فیشن، سیاحت، بیوٹی، طرزِ زندگی، فٹنس، گیمنگ، موسیقی، پیرنٹنگ اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں بہترین کام کرنے والوں کو بھی ان کی محنت کا صلہ دیا جائے گا۔منتظمین کے مطابق کامیاب امیدواروں کے انتخاب کے لیے ایک خاص طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ سب سے پہلے ہر کیٹیگری کے ابتدائی20 امیدوار الگورتھم کی مدد سے منتخب کیے جائیں گے، جبکہ ان نتائج کی تصدیق مارکیٹ سروے کے ذریعے کی جائے گی۔اس کے بعد معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری 20 امیدواروں میں سے 10 افراد کا انتخاب کرے گی۔ دوسرے مرحلے میں مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے کے ماہرین پر مشتمل جیوری ان امیدواروں میں سے پانچ فائنلسٹس منتخب کرے گی۔کامیابی کا حتمی تاج کس کے سر سجے گا، اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ اکتوبر کے مہینے میں آن لائن پبلک ووٹنگ کا آغاز ہوگا، جس کے ذریعے شائقین اپنے پسندیدہ انفلوئنسر کو جتوا سکیں گے۔ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث پاکستان میں کانٹینٹ کریئٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے ایوارڈز سے نئے ٹیلنٹ کو حوصلہ ملے گا اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو فروغ حاصل ہوسکے گا۔یہ ایوارڈز نہ صرف ڈیجیٹل کریئیٹرز کے لیے ایک اعزاز ہوں گے، بلکہ اس سے پاکستان کا ایک جدید چہرہ بھی دنیا بھر میں اجاگر ہوگا۔