کوئٹہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، غلام نبی مری

کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری، میاں غنڈی یونٹ کے سیکرٹری نذیر احمد رخشانی، شبیراحمد رخشانی اور دیگر نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر ملک راحیل سے ملاقات کی اور کوئٹہ شہر میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری گیس کی شدید قلت اور عوام کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر بی این پی رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ گھریلو صارفین، خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ زندگی کے بنیادی امور میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ سردیوں سے قبل ہی گیس کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے عوام کو کوئی مؤثر اور مستقل ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ بولان میں دھماکے کے نتیجے میں 18 انچ کی گیس پائپ لائن متاثر ہونے کے بعد کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا بحران مزید سنگین ہوا ہے۔ اگر 18 انچ کی لائن متاثر ہوئی ہے تو سریاب سے گزرنے والی 12 انچ کی لائن کے ذریعے سریاب اور کوئٹہ کے متاثرہ علاقوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ عوام کو بحران کے رحم و کرم پر چھوڑنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔بی این پی رہنماؤں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محرومی، بے روزگاری، مہنگائی اور دیگر سنگین مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ گیس جیسی بنیادی ضرورت کی عدم فراہمی عوام کے ساتھ مزید ناانصافی کے مترادف ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو چاہیے کہ وہ تکنیکی مسائل کا مستقل حل تلاش کرے اور کوئٹہ کے تمام متاثرہ علاقوں میں بلاامتیاز گیس کی فراہمی بحال کرے۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے بجائے حکمرانوں کی تمام تر توجہ سیاسی مفادات کے تحفظ پر مرکوز ہے، جبکہ بلوچستان کے عوام گیس، بجلی، پانی، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے دربدر ہیں۔بی این پی رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستانی عوام کی نمائندہ قومی سیاسی جماعت ہے اور پارٹی عوام کے بنیادی حقوق، وسائل اور مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ سریاب، میاں غنڈی، مشرقی بائی پاس اور کوئٹہ کے دیگر علاقوں کے عوام کو گیس کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے ساتھ ساتھ متبادل ذرائع سے کوئٹہ کے شہریوں کو فوری طور پر گیس فراہم کی جائے اور عوام کو مزید اذیت سے نجات دلائی جائے، بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر اپنے جمہوری اور سیاسی حق کے تحت بھرپور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *