تاجروں اور ہوٹل مالکان کے جائز مطالبات اور مسائل کے حل کے لیے جلد مؤثر اقدامات کیے جائیں،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

کوئٹہ +کراچی(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی کی ہوٹل انڈسٹری اور پشتون تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں جمعیت علماء اسلام کے اراکینِ اسمبلی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ایم پی اے حاجی اصغر علی ترین، ایم پی اے سید ظفر علی آغا، ایم پی اے روی پہوجہ، سابق اسپیکر سید مطیع اللہ آغا، قاری محمد عثمان اور مولوی محمد غیاث دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران شفیق موڑ پر ہوٹل میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر خصوصی اور تفصیلی گفتگو ہوئی، وفد نے واقعے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کوئٹہ کے ہوٹل مالکان اور تاجروں کے تحفظ، کاروباری حقوق اور انہیں درپیش مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وفد نے کراچی میں مقیم پشتون تاجروں اور ہوٹل مالکان کے مسائل بھی وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیے اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفد کو یقین دلایا کہ تاجروں اور ہوٹل مالکان کے جائز مطالبات اور مسائل کے حل کے لیے جلد مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *