Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ +نیویارک(ویب ڈیسک)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے امریکہ کے سرکاری دورے کے موقع پر گزشتہ رات ہوسٹن شہر جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آباد تمام پاکستانیوں اور پاکستانی ڈائسپورا کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دی۔ وطنِ عزیز سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود آپ کے دلوں میں پاکستان کی محبت اور جذبہ حب الوطنی میں کوئی کمی نہیں آئی جو یقیناً قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل شہرت یافتہ پاکستانی بزنس مین تنویر احمد، طاہر بھٹی، ڈاکٹر آصف قدیر اور میکسم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عذیر حسن سمیت مردوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں اپنے دورہ امریکہ کے دوران اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ “یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ” میں شرکت کیلئے آیا جہاں ہم نے پاکستان بھر کے نوجوانوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ مجھے امید ہے کہ اس عالمی پلیٹ فارم پر ہونے والی ہماری کوششوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ ہوسٹن شہر میں پاکستانی کمیونٹی بالخصوص پاکستانی کاروباری حضرات اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ آپ نہ صرف اپنی محنت اور کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ وطنِ عزیز کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور مضبوطی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر، مقامی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نہ صرف اپنے خاندانوں کی مالی معاونت کرتے ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کے استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ ان کی مہارت، تجربہ، سرمایہ کاری اور عالمی کاروباری روابط بھی پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہمیں آپ سے بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔ میری خواہش ہے کہ آپ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے سرمایہ، تجربے اور کاروباری صلاحیتوں کو وطنِ عزیز کی پیداواری معیشت سے جوڑنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ بالخصوص امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کا تعاون پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ آخر گورنربلوچستان نے اپنے وطن سے ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود پاکستان کی محبت آپ کے دلوں میں اسی طرح زندہ ہے جس پر تمام منتظمین اور تقریب میں شریک ہر فرد خراجِ تحسین کا مستحق ہے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے ہوسٹن شہر کے سنڈی محل بینکوئٹ ہال میں آمد پر پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا پرتپاک استقبال کیا۔پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے میں گورنر جعفرخان مندوخیل نے فرداً فرداً تمام معزز مہمانوں سے ملاقات کی، ان سے خیالات کا تبادلہ کیا اور شرکاء نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔ عشائیہ کا اہتمام خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوا جس میں پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔