Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی، جمہوری استحکام اور سیاسی عمل میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، مسلم لیگ (ن) خواتین کو سیاسی میدان میں آگے بڑھنے اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین ونگ کے زیر اہتمام 200 سے زائد خواتین کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی خواتین ونگ کی صدر اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، نثار اچکزئی، شاکر محمد حسنی اور کارکنان بھی موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بڑی تعداد میں خواتین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام بالخصوص خواتین کا پارٹی کی قیادت، پالیسیوں اور منشور پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ خواتین کی سیاسی شمولیت محض تعداد بڑھانے تک محدود نہیں بلکہ انہیں پارٹی کے تنظیمی امور، قانون سازی، عوامی مسائل کے حل اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دینا مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے پاکستان کی تاریخ میں ہر مشکل مرحلے پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ قیام پاکستان کی جدوجہد سے لے کر آج تک خواتین نے تعلیم، صحت، معیشت، سیاست اور سماجی ترقی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت، محنتی اور باہمت ہیں، انہیں سیاسی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں آگے لانے سے صوبے کی ترقی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں اس سلسلے میں راحیلہ حمید درانی اور رکن قومی اسمبلی اختر بی بی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں خواتین کی سیاسی تربیت، تنظیم سازی اور قیادت کے فروغ کو مزید مضبوط کرے گی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر قانون سازی، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی، روزگار کے مواقع، ہنرمندی کے فروغ اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ضروری ہے۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ اور عوام کو سیاسی عمل میں شریک کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ خواتین کی بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اس سیاسی عمل کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والی خواتین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل بالخصوص خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، مسلم لیگ (ن) ان کی آواز کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اٹھائے گی۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والی خواتین کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔