جمہوری وطن پارٹی کا 36واں یومِ تاسیس بلوچستان کے حالات کے پیشِ نظر سادگی سے منایا گیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک)جمہوری وطن پارٹی کے قیام کو 16 اگست 2026ء کو 36 سال مکمل ہوگئے 16 اگست 1990ء کو شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی نے جمہوری وطن پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، جس کے بعد ہر سال 16 اگست کو پارٹی کا یومِ تاسیس منایا جاتا ہے۔بلوچستان کے موجودہ حالات اور عوام کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر اس سال جمہوری وطن پارٹی کے کارکنان نے یومِ تاسیس نہایت سادگی اور وقار کے ساتھ بگٹی ہاؤس کوئٹہ اور ملک بھر میں منایا۔ کارکنان نے شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کی سیاسی جدوجہد، جمہوری فکر، اصولی سیاست اور بلوچستان کے عوام کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کی سیاسی زندگی بلوچستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ انہوں نے جمہوریت، آئینی و پارلیمانی سیاست اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ اہمیت دی۔ جمہوری وطن پارٹی نے اپنے قیام سے لے کر آج تک بلوچستان کے سیاسی، جمہوری اور قومی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کی شہادت کے بعد مرحوم نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے جمہوری وطن پارٹی کے پرچم کو بلند رکھا اور اپنے والد کے سیاسی نظریے اور جدوجہد کو آگے بڑھانے کی بھرپور کوشش کی۔ طلال اکبر بگٹی کی وفات کے بعد نوابزادہ شازین بگٹی اور نوابزادہ گہرام بگٹی، جو شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کے پوتے اور مرحوم نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کے صاحبزادے ہیں، نے بھی پارٹی کی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور پارٹی کے پرچم کو بلند رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔جمہوری وطن پارٹی ایک ایسی جمہوری سیاسی جماعت ہے جو جمہوری اقدار، سیاسی جدوجہد اور عوامی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی بلوچستان کے موجودہ حالات پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل، محرومیوں اور مشکلات کے حل کے لیے اپنی سیاسی آواز بلند کرتی رہے گی۔یومِ تاسیس کے موقع پر کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کی جمہوری سوچ، سیاسی فلسفے اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا۔ موجودہ حالات میں سادگی سے یومِ تاسیس منانا اس بات کا اظہار ہے کہ جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے عوام کے دکھ، مشکلات اور موجودہ صورتحال کو محسوس کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔جمہوری وطن پارٹی کے کارکنان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پارٹی کے جمہوری نظریے اور سیاسی جدوجہد کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا جائے گا اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے پرامن، جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *