تعلیم معاشرے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

شمالی ڈیرہ بگٹی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے، معیار کو یقینی بنانے اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اور دیگر ضلعی افسران نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے یتیم اور نادار بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لیے تعمیر کیے جانے والے اپنی نوعیت کے منفرد تعلیمی ادارے کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔ منصوبے کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مستحق بچے معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، حکومت بلوچستان مستحق اور محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسپورٹس گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان، صحت مند ماحول اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی میں اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور بین الاضلاعی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت نے ناقص تعمیراتی کام کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں اور آئندہ بھی معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع اور مکمل کیے ہیں، جن کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، پسماندگی کا خاتمہ اور ترقی کے ثمرات کو ہر علاقے تک پہنچانا ہے۔ حکومت کا مشن ہے کہ ترقیاتی عمل کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے ہر تحصیل اور یونین کونسل تک وسعت دی جائے تاکہ بلوچستان کا کوئی علاقہ ترقی کے عمل سے محروم نہ رہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام کی اہم وجوہات میں ترقیاتی وسائل اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور انہیں عوام کی دہلیز تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ بلوچستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کا یہ سفر آئندہ بھی پوری رفتار سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت کے دوران بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، منصوبوں کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہ کی جائے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بلوچستان عمران زرکون بھی ان کے ہمراہ تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *